وزیراعظم عمران خان نے قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی۔
پشاور میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وزیر خزانہ اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزراء میں سے حفیظ شیخ، اسد عمر، عمر ایوب، فیصل واوڈا اور معاون خصوصی تابش گوہر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
خیبرپختونخوا کو وفاق کی طرف سے بجلی آمدن کی مد میں ادائیگیوں پر اور قبائلی اضلاع کے مخصوص ترقیاتی پیکیج پر بریفنگز دی گئیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحت، تعلیم، انفرا اسٹرکچر اور دیگر منصوبوں پر 50 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے اور وہاں کے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے غیور شہریوں نے ملک کیلیے بے دریغ قربانیاں دی ہیں، قبائلی اضلاع کے علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔
Comments are closed.