منگل یکم ربیع الثانی 1445ھ 17؍اکتوبر 2023ء

ورلڈ کپ: نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 سے شکست دے کر ایونٹ کا دوسرا اپ سیٹ کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ کے 15 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا دوسرا اپ سیٹ کردیا۔

ایونٹ میں 15 اکتوبر کو افغانستان کی ٹیم نے دہلی میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔

دھرم شالہ میں بارش سے متاثرہ میچ میں نیدرلینڈز نے مقررہ 43 اوورز میں 246 رنز کا ہدف دیا لیکن جنوبی افریقی ٹیم 42 اعشاریہ 5 اوورز میں 207 پر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقی ٹیم نے میگا ایونٹ میں سری لنکا اور آسٹریلیا کی بڑی ٹیموں کو بڑے مارجن سے شکست سے دو چار کیا تھا اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

نیدرلینڈز نے میگا ایونٹ کی مضبوط ٹیم کے خلاف پہلے شاندار بیٹنگ کی اور مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز بنائے اور ساتھ ہی شاندار بولنگ کی اور حریف ٹیم کو 207 رنز تک محدود کردیا۔

نیدرلینڈز کی طرف سے لوگن وین بیک نے 3، پال وین میکرین، روئیلوف وین ڈیر مروے اور باس ڈی لیڈے نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کو جنوبی افریقا کے خلاف شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیدرلینڈز نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

نیدرلینڈ کی طرف سے اسکاٹ ایڈورڈز نے ناقابل شکست 78، آرین دت 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وین ڈرمیروی 29 اور تیجا نیدا منرو 20 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے لونگی نگیٹی، مارکو جانسن اور کگیسو ربادا نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا، بارش کے باعث یہ میچ 43 اوور فی اننگز تک محدود کیا گیا۔

نیدرلینڈز کی ٹیم اب تک میگا ایونٹ میں 3 میچ کھیل چکی ہے، اسے پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایونٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقا کو اس نے آج شکست سے دوچار کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.