ورلڈ کپ فائنل میچ میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔
آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد بھارتی جوڑی روہت شرما اور شُبمن گِل نے اننگ کا آغاز کیا۔
بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کے لیے تیز بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تاہم آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے اننگ کے 4.2 اوور میں بھارت کی پہلی وکٹ 30 رنز پر حاصل کرلی۔
انہوں نے شُبمن گِل کو صرف 4 رنز پر ایڈم زیمپا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
بعدازاں ویرات کوہلی کریز پر آئے اور اس کے بعد بھی دونوں بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی تاہم اسی دوران مزید ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران کپتان روہت شرما آؤٹ ہوگئے۔
اننگ کے 9.4 اوورز میں 76 رنز پر گلین میکسول کی گیند پر روہت شرما 47 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی بولرز نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اگلے ہی اوور میں شریاس ائیر کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔
اننگ کے 10.2 اوور میں 81 رنز پر شریاس ائیر کو 4 رنز پر کپتان پیٹ کمنز نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔
میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کر رہے ہیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ فائنل میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
اس موقع پر روہت شرما نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پِچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ورلڈ کپ فائنل میں کپتانی کرنا خواب تھا جو پورا ہوا۔
روہت شرما نے بتایا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔
اسٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔
اس ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم اب تک ناقابلِ شکست ہے، بھارتی ٹیم نے پہلے مرحلے میں تمام 9 ٹیموں کو اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا جبکہ آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے۔
موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم چوتھی بار ورلڈ کپ فائنل کھیل رہی ہے۔ اس نے 1983ء اور 2011ء میں ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ آسٹریلیا ریکارڈ 5 بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2003ء کے ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا جو کہ آسٹریلیا نے با آسانی جیت لیا تھا۔
Comments are closed.