پیر 30؍ جمادی الثانی 1444ھ 23؍ جنوری 2023ء

نیب کے بیان کے بعد سلیمان شہباز کی درخواست نمٹا دی گئی

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے نیب کے بیان پر درخواست ضمانت واپس لے لی۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

سلیمان شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ان کی درخواست ضمانت واپس لینے پر نمٹا دی۔

سماعت کے دوران نیب نے عدالت میں سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ نئے قانون کے تحت سلیمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری اب نہیں ہیں۔

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ 2018ء میں ایسے حالات میں ملک چھوڑنا پڑا جب اصل سازش کا پاکستان میں آغاز ہوا۔

سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وارنٹ گرفتاری انکوائری اسٹیج پر تھا، نئے قانون میں وارنٹ گرفتاری تفتیش کی اسٹیج پر ہی ہو سکتے ہیں۔

نیب کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اب سلیمان شہباز کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، ہم نے سوالنامہ ان کو دیا تھا لیکن ابھی جواب نہیں دیا۔

سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ جواب جمع کرا دیا ہے۔

اس کے علاوہ شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ہارون یوسف کی حد تک نیب سے جواب طلب کر لیا اور ان کی 7 فروری تک ضمانت میں توسیع کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.