منگل 18؍جمادی الاول 1444ھ 13؍دسمبر 2022ء

نواز شریف کے خواب کی تکمیل کا آج اہم دن ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پورا ملک موٹروے کے ذریعے جوڑنے کے نواز شریف کے خواب کی تکمیل کا آج اہم دن ہے۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آج 306 کلو میٹر طویل سکھر حیدرآباد موٹروے ایم 6 کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، پشاور کراچی موٹروے کے اس آخری حصے کی تعمیر پر پاکستان کے تمام بڑے شہر جڑ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم 6 کو سرکاری اور نجی شراکت داری سے تعمیر کیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم نے ایم 6 کو 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

این ایچ اے حکام کے مطابق 306 کلومیٹر کے ایم 6 منصوبے پر 3 کھرب 7 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، یہ منصوبہ 33 ماہ میں مکمل ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آج پہلے سکھر پھر حیدر آباد میں تقاریب میں شرکت کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے پورے پاکستان کو جدید اور تیز ترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، تجارتی آمدورفت تیز، حادثات سے بچاؤ، جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی ہو گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بہترین شاہراہوں کی تعمیر سے ترقی کی نیشنل اسپیڈ میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی، تاجروں، صنعت کاروں اور کسانوں کو اپنی مصنوعات کی ترسیل میں آسانی ملے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.