بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

میری رننگ بہتر بنانے میں بابر اعظم کا کردار اہم ہے: محمد رضوان

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان نے کہا ہے کہ اُن کی رننگ بہتر بنانے میں بابر اعظم کا کردار اہم ہے۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 150رنز کی شراکت پر گفتگو کی۔

اس موقع پر  بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا ابتدائی چند گیندیں احتیاط سے کھیلیں گے، اننگز کے آغاز میں محمد رضوان کو مشکل ہوئی تو خود چارج لیا تاکہ دباؤ نہ آئے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم شروع میں ہر اوور میں 10 یا 8 رنز بنانےکی حکمت عملی پر کاربند تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

دوسری جانب محمد رضوان نے کہا کہ ہم دونوں کی کامیابی میں سب سے اہم بات کریز پر مشاورت ہوتی ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں بہت مرتبہ رن آؤٹ ہوا جبکہ کپتان کے ساتھ کریز پر رننگ شاندار رہتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مومنٹم بن گیا ہے سیریز جیت سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں فاتحانہ آغاز کردیا، پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے ہرا دیا۔ 233 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے انگلش ٹیم 201 رنز ہی بنا سکی۔

محمد رضوان نے 41 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے سب سے زیادہ 85 رنز بنائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.