ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا ہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک پارٹنرشپ قائم رکھی۔
پاکستان نے پہلے سیشن میں 64 رنز بنالیے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک اور بین اسٹوکس نے 5 وکٹ 202 رنز سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
کھیل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے انگلش بیٹرز کی وکٹیں لینا شروع کر دیں۔
انگلینڈ کے 256 کے اسکور پر محمد نواز نے بین اسٹوکس کو 41 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بھی اچھے طریقے سے کیا اور انہوں نے پاکستان کے لیے کچھ ہی دیر بعد ساتویں وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے 259 کے اسکور پر ابرار احمد نے اولی رابنسن کو 3 رنز پر بولڈ کیا۔
کچھ ہی دیر بعد 270 رنز پر زاہد محمود نے مارک ووڈ کو 6 رنز پر سِلپ پوزیشن پر جبکہ 271 رنز پر ہیری بروک کو 108 رنز پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرایا۔
انگلینڈ کی آخری وکٹ بھی زاہد محمود نے حاصل کی، انہوں نے جیمز اینڈرسن کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
ملتان ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔
میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر ابرار احمد نے 11 جبکہ زاہد محمود نے 6 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 281 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں قومی ٹیم 202 رنز بنا سکی تھی۔
واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
Comments are closed.