مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بچوں کے بارے میں دیے گئے بیان پرسامنے آنے والے سخت ردِعمل کا جواب دے دیا ہے ۔
مریم نواز نے جمائما گولڈ اسمتھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی اور آ پ کے بیٹوں کی ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں،میرے پاس اور بہت کچھ کہنے اور کرنے کو ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے سابق شوہر دوسروں کی فیملیز کے بارے میں زہر اگلتے رہتے ہیں۔ وہ یہ کرتے رہیں گے تو دوسروں کو بھی حربے استعمال کرنے آتے ہیں۔
مریم نواز نے جمائما سے کہا کہ وہ اس سب کا ذمہ دار اپنے شوہر کو ٹھہرائیں۔
یاد رہے کہ باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی تنقید کا جواب دیا تھا، مریم نواز کا عمران خان کی جنید صفدر پر کی جانے والی تنقید پر کہنا تھا کہ جنید صفدر کیمبرج میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نہیں۔
جس پر جمائما گولڈ اسمتھ نے سخت ردعمل دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ ‘ میں نے 2004 میں میڈیا اور سیاستدانوں اور گھر کے باہر ہفتہ وار موت کی دھمکیوں اور احتجاج کے باعث پاکستان چھوڑ دیا تھا، لیکن پھر بھی یہ اب تک جاری ہے۔’
Comments are closed.