بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

محمد حفیظ کی پی ایس ایل کے کراؤڈ سے درخواست

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی محمد حفیظ کی جانب سے  پی ایس ایل کے کراؤڈ سے درخواست کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں آئیں۔

‏پاکستان سُپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ 20 فیصد کراؤڈ کو اجازت ملی ہے لیکن اب ذمہ داری کراؤڈ کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

محمد حفیظ نے کہا ہے کہ تماشائیوں سے درخواست ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اسٹیڈیمز آئیں، ایونٹ کی کامیابی کے لیے کراؤڈ کا آنا اور ان کا احتیاط کرنا بہت ضروری ہے۔

‏انہوں نے مزید کہا کہ کراؤڈ کو اجازت ملنا ایک اچھا فیصلہ ہے، مزہ کراؤڈ کے ساتھ ہی آتا ہے، اس سے گراؤنڈ میں انرجی میں اضافہ ہوتا ہے اور متحرک ہونے کا موقع ملتا ہے۔

 ‏محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم سب کی کوشش ہو گی کہ فینز کو پی ایس ایل کے دوران تفریح پہنچائیں، پاکستان میں یہ پہلا ایونٹ ہے کہ کوویڈ کے دوران تماشائی اسٹیڈیمز کا رُخ کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کھلا ڑی اب بائیو سیکور ببل کے عادی ہو چکے ہیں، اب اس میں رہنا مشکل نہیں ہے، کرکٹ جاری رہنے کے لے یہ بائیو سیکور ببل بہت ضروری ہے، اگر بائیو سیکور ببل نہ ہو تو کرکٹ ہی نہ ہو۔

واضح رہے کہ ‏پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے لیے کوویڈ 19 کی صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے این سی او سی نے 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت دی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.