جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے سے متعلق صدر کے بیان پر تشویش ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے سے متعلق صدر مملکت کے بیان پر اظہار تشویش کیا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر مملکت عارف علوی وفاق کی علامت کے طور فرائض سر انجام دیں، ایسا تاثر نہ دیں کہ لوگ صدر مملکت کو ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کے بیانات آئینی کردار سے متصادم نظر آ رہے ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن انتہائی تندہی اور ذمہ داری کے ساتھ الیکشن کی طرف گامزن ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو آئین اور قانون میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے، صدر مملکت کی طرف سے برابر مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت افسوسناک ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے ہی پچ اکھاڑ کر، وکٹیں لے کر میدان سے بھاگے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے صدر مملکت الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کو اپنا کام کرنے دیں گے اور صدر ایک جماعت کا کارکن بننے کی بجائے آئینی فریضہ انجام دیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.