وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان سے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے ملاقات کی ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان کو آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے لڑکی اور لڑکے پر تشدد کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے پر ہونے والے تشدد کے واقعے کا وزیرِ اعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا اور اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو ٹیلی فون کر کے ان سے واقعے کی تفصیلات طلب کیں اور اس پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی عدالت میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے ملزمان عثمان مرزا، حافظ عطاء اور فرحان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لڑکی اور لڑکے پر ایک شخص کے تشدد کی ویڈیو گزشتہ دنوں وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھیوں حافظ عطاء اور فرحان کو گرفتار کر لیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ با اثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے، مغلظات بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
Comments are closed.