منگل 7؍شعبان المعظم 1444ھ28؍فروری 2023ء

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کردیا، 110 رنز سے شکست

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 110 رنز سے شکست دے دی۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 90 رنز پر سمٹ گئی۔ 

بہترین بولنگ لائن کے آگے بہترین بیٹنگ لائن کی ایک نہ چل سکی جس کے آٹھ کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ 

رحمان اللّٰہ گرباز 23، کولن منرو 18 اور ٹام کرن 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

چھٹے ایڈيشن میں بھی شاہین آفریدی نے اسی انداز میں بابر اعظم کو کلین بولڈ کر چکے ہیں۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اس مرتبہ ڈیوڈ ویزے نے 3 اہم وکٹیں لیں، جبکہ راشد خان اور سکندر رضا کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔ حارث رؤف اور زمان خان ایک ایک وکٹ لے سکے۔

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔

بہترین بولنگ پرفارمنس پر ڈیوڈ ویزے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

قلندرز کا آغاز اچھا رہا، لیکن اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار بولنگ لائن نے رنز کی اسپیڈ کو بریک لگائی۔ 

فخر زمان 36 اور مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق نے سیم بلنگز کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

میچ کے بعد محمد حارث شاہین آفریدی کو داد دیے بغیر نہ رہ سکے اور کہا کہ شاہین شاہ نے ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کردیا ہے۔

عبداللّٰہ شفیق 24 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم بلنگز 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 

ایسے میں جب قلندرز کی رنز بنانے کی رفتار دھیمی پڑنے لگی تو ڈیوڈ ویزے نے 12، راشد خان نے 18 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے دو وکٹیں لیں۔ ابرار احمد اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں لاہور قلندرز کا مسلسل دوسری مرتبہ 200 یا اس سے زائد اسکور ہے۔ 

ایک روز قبل لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 241 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں زلمی کی ٹیم 201 رنز بنا سکی تھی اور لاہور نے یہ میچ 40 رنز سے اپنے نام کیا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشمل تھی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، کولن منرو، رحمان اللّٰہ گرباز، ریسی ونڈر ڈسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، ذیشان ضمیر اور ابرار احمد شامل تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.