بدھ 24؍ربیع الاول 1445ھ11؍اکتوبر 2023ء

غزہ کے اسپتال زخمیوں سے بھر گئے

عالمی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث صورتِ حال تباہ کن ہے اور اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔

ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں تمام اسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں، مریضوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور تمام اسپتالوں کا عملہ تھک چُکا ہے کیونکہ وہ زخمیوں کے علاج کے لیے لگاتار 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں جاری بمباری میں بہت زیادہ شدت ہے جس کی وجہ سے تمام عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور اب اسرائیلی حکومت نے اس علاقے میں مکمل طور پر بجلی اور پانی کی سپلائی بھی معطل کر دی ہے، علاقے میں موبائل سروس بھی بری طرح متاثر ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور بمباری حیران کن ہے جس کی وجہ سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں، اس لیے کسی بھی صورت میں جنگ رکنا چاہیے کیونکہ موجودہ صورت حال غزہ کے لوگوں کے لیے کسی سزا سے کم نہیں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں پانی، بجلی اور ایندھن کی سپلائی مکمل طور پر بند کردی گئی ہےجس کی وجہ سے پوری آبادی بنیادی ضروریات سے محروم ہوگئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتِ حال کی وجہ سے غزہ کے تمام اسپتالوں میں  دوائیوں اور دیگر میڈیکل سپلائیز کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.