بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران صاحب آپ سے ملک نہیں چل سکتا، استعفیٰ دیں، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ سے ملک نہیں چل سکتا، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں کیونکہ تین سال میں آپ نے ملک کو تاریخی مقروض کردیا ہے۔

ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت 173، مہنگائی کی قیامت اور معیشت کی تباہی ہے، وزیر اعظم نے 3 سال میں ملک کا حال کیا سے کیا کر دیا ہے۔ اس ملک کی بنیادیں نہ ہلائیں، ملکی ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے منفی میں پہنچا دی ہے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎عمران خان اپنے تمام اے ٹی ایمز سے استعفیٰ لیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے، بجلی کی قیمت11 روپے سے 24 روپے یونٹ کر دی ہے اور گیس کی قیمت 600 سے 1400 پر پہنچا دی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے آٹا 35 سے 80، چینی 53 سے 120 پر پہنچا دی جبکہ نواز شریف کے پانچ سال عوام کو چینی 55 روپے کلو ملی، آپ کے دور میں گھی 142 اور خوردنی تیل 340 ہوگیا ہے۔

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور کمزور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو شرم آنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیٹرول 70 سے 138 اور ڈیزل 75 سے 135 پر پہنچا دیا ہے جبکہ دوائی کی قیمت میں 300 فیصد ظالمانہ اضافہ کیا اور چائے کی قیمت 10 سے 25 روپے، نان کی 8 سے 25 روپے ہوگئی، یہ غریبوں کا احساس کیا؟

تین سال میں عمران صاحب نے جھوٹ پہ جھوٹ بولا، قوم کو دھوکے پر دھوکا دیا، ملک کی خارجہ اور معاشی پالیسی کا جنازہ نکال دیا جبکہ قومی اداروں کو متنازعہ اور اُن کا تماشہ بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ روزگار کا بھی جنازہ نکال دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.