بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو اُن کے مذہبی تہوار ہولی کی مبارکباد دی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’رنگوں کا تہوار، ہماری تمام ہندو برادری کو ہولی مبارک ہو۔‘

وزیراعظم عمران خان کے پیغام پر ہندو برادری کی بڑی تعداد اُن کا شکریہ ادا کررہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار ’ہولی‘ بھرپور جوش و خروش سے منارہی ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں جہاں جہاں ہندو برادری کے افراد رہائش پذیر ہیں وہاں ہولی کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، تھر کا صحرا بھی ہولی کے رنگوں میں رنگ گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ہولی کو ’رنگوں کا تہوار‘ بھی کہا جاتا ہے، اس تہوار کے موقع پر ہندو برادری کے افراد ایک جگہ جمع ہوتےاور ایک دوسرے کے چہروں پر غلال لگاتے اور رنگ پھینکتے ہیں۔

ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی پیش کئے جاتے ہیں جبکہ گھروں پر تقاریب کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

ہندو براردی ہر سال اپنا تہوار جوش و خروش سے مناتے ہیں، خوشی کے اس موقع پر اگر میٹھا نہ ہو تو یہ ممکن نہیں، تہوار پر لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے نظر آتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.