بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بیلجیم اور لکسمبرگ میں سفیرِ پاکستان کی چھٹی آن لائن کھلی کچہری

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر، بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے براہ راست رابطےکے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان برسلز کے زیر اہتمام یوروپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ چھٹی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

سفیر پاکستان نے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کھلی کچہری کے ذریعے سفارت خانے اور برادری کے مابین براہ راست تعلق اور بات چیت کے لیے ایک فورم مہیا ہوا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ سفارت خانہ خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کے لیے کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتا ہے۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں معاشی زوال کے باوجود پاکستان کی معاشی نمو حکومت کی مستحکم معاشی بحالی کی پالیسیوں کی عکاس ہے۔

انہوں نے عالمی وبائی مرض کوویڈ-19 کے بعد بحالی میں تیزی لانے کے لیے حکومت کے تزیراتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے صحت کے شعبے کے لیے 20 ارب مختص کرنے، تعمیراتی صنعت کو دیئے گئے خصوصی پیکیج، یورو بونڈز کے اجراء صنعتی نمو میں 3.57 فیصد اضافے، مینوفیکچرنگ میں 8.77 فیصد ، تعمیرات میں 8.34 فیصد اور خدمات میں 4.43 فیصد اضافہ کا حوالہ دیا۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر کھلی کچہری کے شرکاء کو مزید آگاہ کیا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نام ایشین اسٹاک مارکیٹ کی بہترین مارکیٹ اور دنیا کی چوتھی بہترین اسٹاک مارکیٹ میں آیا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان تمام اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی شرح نمو میں 3.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو متوقع شرح سے دوگنا ہے۔

سفیر پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی اور سفارتخانہ کی جانب سے اس کو فروغ دینے کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی۔

پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 29 ارب تک پہنچ چکی ہیں جس میں سے 226 ملین ڈالر بیلجیم سے پاکستان بھیجے گئے ہیں جو سالانہ بنیادوں پر 246 فیصد کا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونیٹی کے ساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھا جا سکے اور ان کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اس ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اکیڈمیا، پیشہ ور افراد، کاروبار، سماجی خدمات اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوئے۔

کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.