وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ایک کے سوا کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے۔
ملتان جلسے سے خطاب رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی دھمکی پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، پی ٹی آئی چیئرمین کو ان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے مگر وہ ایک چیز نہیں دیں گے، جس کے بغیر سابق وزیراعظم کا گزارا ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تحریک شروع کریں، وہ ان کا علاج کردیں گے، 26 نومبر کو جو تمہارے ساتھ ہوا وہ یاد ہونا چاہیے۔
راناثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ 25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے آنا تھا، تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لیگ ن اور نواز شریف نے پارٹی کو منظم، متحرک کرنے کےلیے مریم نواز کو ذمہ داری سونپی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کو پارٹی قائد کا پیغام ہر کارکن اور عوام تک پہنچانےکی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاڈلے کا 2014 سے ایک ہی کام ہے، لانگ مارچ۔
انہوں نے کہا کہ 126 دن بعد اے پی ایس کے واقعہ پر اسے دھرنا ختم کرنا پڑا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو متحد کرنے کےلیے اس بدبخت کو خود فون کیا، اسے دعوت دی کہ آؤ بیٹھو، قوم کو متحد کرو۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، پوچھتا ہوں ملک میں مہنگائی ہے، ملک آج اس حالت میں کیسے پہنچا؟
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو متحد کیا، دہشت گردی ختم کی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، انہیں تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا، بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کیے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا، ہمارا مستقبل اس میں تھا کہ ہم ایٹمی دھماکے کریں، آج پاکستان موجود اور قائم ہے تو اس کی وجہ ایٹمی قوت ہے۔
Comments are closed.