پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کی فیملی کو ان کی ضرورت ہے تو وہ پاکستان نہیں آسکتے، عابد شیر علی پاکستان آئے تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا، ان کا جرم نواز شریف سے وفا کرنا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف جیسا خطے میں امن کے لیے کام کسی نے نہیں کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ واجپائی کو بس پر بیٹھ کر پاکستان آنے پر کس نے مجبور کیا تھا؟ نواز شریف کی حکومت میں بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا، برہان وانی کا نام نواز شریف نے ہی اقوام متحدہ میں لیا تھا۔
سعد رفیق نے کہا کہ مودی نے کشمیر کو ہڑپنے کی سازش کی، موجودہ حکومت خاموش ہے، کون کہتا تھا کہ دعا کریں مودی کی حکومت آئے، ہم تھے یا کوئی اور تھا؟۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں، مریم نواز نے خود اپنا مقام پیدا کیا ہے، شہباز شریف اپنا کام کر رہے ہیں اور مریم نواز اپنا کام کر ہی ہیں۔
Comments are closed.