ہفتہ 20؍ربیع الاول 1445ھ7؍اکتوبر 2023ء

ضلع خیبر سے 30 افغان خاندانوں کو لے کر 12 ٹرک افغانستان روانہ

ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، ضلع خیبر سے 30 افغان خاندانوں کو لے کر 12 ٹرک افغانستان روانہ ہوگئے۔

افغان کمشنریٹ کے مطابق 2 روز میں 60 خاندان افغانستان واپس لوٹ چکے ہيں، کوئٹہ میں غیر قانونی مقیم افرا د کے خلاف مقدمات درج کرکے 90  افراد کو گرفتار کر لیا گيا۔

خیبرپختونخوا میں رواں سال 3 ہزار 911 افغان باشندے مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ادھر کراچی سے ایک ماہ میں 1547 افغان گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیے جا چکے ہیں۔

 کراچی پولیس چیف خادم حسین رند کا کہنا ہے کہ کراچی میں 4 لاکھ افغان غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، ایک ماہ میں 1500سے  زائد افغانیوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس، ایف آئی اے، نادرا و دیگر سرکاری اداروں کے ہمراہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں خاص طور پر افغان باشندوں کے خلاف بھرپور اور ون ونڈو آپریشن کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت مختلف آبادیوں سے حراست میں لیے گئے، افغان باشندوں کا ڈیٹا نادرا اور ایف آئی اے امیگریشن کے ریکارڈ میں چیک کیا جائے گا۔

کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو جیل بھیجنے کی بجائے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی نے انکشاف کیا کہ اسٹریٹ کرائم کی بڑی وارداتوں میں افغانی بھی ملوث رہے ہیں خاص طور پر ڈکیتیوں کے دوران شہریوں کی بے دریغ ہلاکتوں میں بھی بیشتر افغانی ہی ملوث پائے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی قریب میں کراچی میں ہوئے اسٹریٹ کرائم میں 225 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور جیل میں ہیں۔

افغان کمشنریٹ خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ ہے، 7 لاکھ 75 ہزار افغان غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔ ان میں 3 لاکھ سے زیادہ وہ افغان شہری ہیں جو طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آئے۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کارروائیاں تقریبا 2 ماہ سے جاری ہیں،

خیبر پختونخوا میں رواں سال 3 ہزار 911 افغان باشندے مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

بلوچستان میں مقیم افغان باشندوں کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان میں سے ڈھائی لاکھ غیر قانونی مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افراد کے لیے پاکستان چھوڑنے کی مہلت میں 25 دن باقی رہ گئے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنا ہوگا۔

اس حوالے سے وزارتِ اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دوسری صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتاری اور ملک بدری یقینی بنائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.