جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے سے متعلق میرے پاس اطلاع نہیں، شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے کے حوالے اطلاع نہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔

جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے سے متعلق میرے پاس اطلاع نہیں ہے۔

انہوں نے عبدالحفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے ہٹائے جانے کی شبلی فراز کی بات کی تردید کی اور کہا کہ یہ درست نہیں کہ سابق وزیر خزانہ کو مہنگائی کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عبدالحفیظ شیخ کی مدت بطور وزیر خزانہ ختم ہونے والی تھی، اس لیے انہیں ہٹایا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملکوں سے تجارت اپنے مفاد کے لیے کرتے ہیں، بھارت کے ساتھ تجارت کا مطلب یہ نہیں کہ مسئلہ کشمیر سے پیچھے ہٹا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 29 مارچ کو وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹادیا تھا، شبلی فراز نے اسی روز جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر خزانہ کو مہنگائی قابو نہ کرنے پر ہٹانے کی تصدیق کی تھی۔

عبدالحفیظ شیخ نے 10دسمبر کو اپنے عہدے کا حلف لیا تھا اور 6 ماہ کی اُن کی مدت 9 جون کو پوری ہونا تھی تاہم وزیراعظم نے انہیں 3 ماہ 20 دن بعد ہی وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹا دیا ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.