جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

اسرائیلی فورسز کا ایک بار پھر مسجد اقصی پر حملہ، متعدد نمازی زخمی

بیت المقدس: اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصی میں نمازیوں پر ایک بار پھر حملہ کردیا، اسرائیلی فورسز نے نمازیوں پر شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں فائر کی، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد الاقصی میں ہزاروں فلسطینی نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جنگ بندی کا جشن منارہے تھے کہ اسرائیلی فورسز نے چڑھائی کردی۔ اسرائیلی فورسز نے مسجد کے ملحقہ صحن میں گھس کر نمازیوں پر شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی، تاہم نوجوان منتشر نہ ہوئے تو اہلکاروں نے ربڑ کی گولیاں برسادیں اور گرنیڈ پھینکنا شروع کردیئے۔ اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر چڑھائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔

You might also like

Comments are closed.