نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ شر پسندوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کنڈل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس کے دوران شر انگیزی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور اِن کی فنانسنگ روکنے کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کے دوران محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کسی گروہ اور جتھے کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پنجاب پولیس نے میانوالی کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا۔
حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان شہید ہو گئے تھے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 دہشت گردوں نے کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تو چھت پر تعینات جوان کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے 2 اطراف سے حملہ کیا تھا جن کی فائرنگ سے ایک اہلکار نے جامِ شہادت نوش کیا ہے۔
Comments are closed.