سابق ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی پہلے کی طرح بولنگ کریں گے اور پاکستان کے نمبر ون بولر ثابت ہوں گے۔
پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم گوجرانوالا جائنٹس کے بولنگ کوچ اعزاز چیمہ نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ شاہین آفریدی نے ری ہیب کے دوران بولنگ کی، اب بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہیں 2 وارم اپ میچز بھی ملیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پیس اٹیک رفتار کے لحاظ سے بھی سب سے بہترین ہے، نسیم شاہ ایک اچھا اضافہ ہیں، محمد نواز اور شاداب خان کی وجہ سے بیٹنگ بھی بہتر ہوئی۔
اعزاز چیمہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوگا، اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف بھی ٹف سیریز کھیلی، میں سمجھتا ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاری اچھی ہے۔
اعزاز چیمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جونیئر لیگ میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اب کوچنگ کیریئر ہے اور سارا فوکس اس پر ہے، پی جے ایل میں معیاری کرکٹ ہورہی ہے جس سے نواجوانوں کو فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اعزاز چیمہ پاکستان کی طرف سے 7 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
Comments are closed.