بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

انگور کے طبی فوائد کیا ہیں؟

ویسے تو کون ہے جسے انگور کھانا پسند نہیں ہوگا؟ مگر یہ پھل صرف لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔

انگور کو بیریز کے خاندان کا حصہ سمجھا جاتا ہے جس کی مزیدار اور غذائیت سے بھرپور مختلف اقسام دنیا بھر میں مختلف رنگوں جیسے سبز، سرخ، نیلے، جامنی اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہیں۔

انگور سے خشک میوہ یعنی کشمش بھی تیار کیا جاتا ہے اور یہ وہ پھل ہے جو سال بھر آسانی سے ملتا ہے۔

قدرت کے اس شاہکار پھل میں پوٹاشیم، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، وٹامن اے، وٹامن سی، کیلشیم، آئرن، وٹامن بی6 اور میگنیشیم ہوتا ہے۔ انگور کو جنت کا پھل بھی کہا جاتا ہے، جسے باغوں کے علاوہ گھروں میں بیلوں پر بھی اُگایا جاتا ہے۔

موسمی پھل ہر طرح کی غذائیت سے بھرپور ہوتے اور انسان کو ذہنی و جسمانی طور پر ترو تازہ رکھتے ہیں۔ انگور کھانے سے آپ کو اپنی صحت کے حوالے سے درج ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

صحت مند دل

انگور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو دل کے امراض کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ ساتھ اس میں پولی فینولز بھی پائے جاتے ہیں جو خراب کولیسٹرول اور بلڈ پریشر میں کمی لاسکتے ہیں۔ یہ قلبی بیماریوں کے خطرے کو کم کرسکتی ہیں۔

نظام ہاضمہ

انگور میں فائبر ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ میں مدد کرتا ہے۔ انگور میں پایا جانے والا فائبر زیادہ تر ناقابل تحلیل ہوتا ہے کیونکہ یہ پیٹ کو صحت مند رکھنے کے لیے آپ کی آنتوں میں منتقل ہوجاتا ہے۔ انگور کا رس ایک اہم جزو ہے، جو صحت مند ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

توانائی سے بھرپور

انگور میں کاربوہائیڈریٹ اور خاص سیلولوز شامل ہوتے ہیں، جو قدرتی توانائی میں اضافہ کرتے ہیں۔ مٹھی بھر انگور کھانے سے آپ کو فوری طور پر توانائی ملے گی۔ انگور میں فائبر کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے میٹابولزم کا عمل سست ہو جاتاہے، جس سے آپ کو دیرپا توانائی مل جاتی ہے۔

گردوں کی صحت

انگور میں اینتھوسنین کی وجہ سے انگور کا سرخ رنگ جامنی رنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس میں ریسوریٹرول جیسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں۔ یہ فاضل مادوں جیسے یورک ایسڈ کو نکالنے کے لئے بھی سخت محنت کرتے ہیں۔

دونوں اینٹی آکسیڈنٹس فری ریڈیکلز،جو گردوں میں انفیکشن اور بیماری کا باعث بن سکتے ہیں، ان سے لڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

کینسر سے بچاؤ

انگور میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس میں کینسر سے لڑنے کی خصوصیات ہوتی ہیں، جو چھاتی کے کینسر سمیت کینسر کی دیگر اقسام سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ پولی فینولز جیسے ریسوریٹرول میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات کے علاوہ سوجن اور جلن کے خلاف اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔

جِلد کیلئے بہترین

انگور میں موجود اجزاء، عمر میں اضافے کی وجہ سے ہونے والی علامات اور جِلد سے متعلق مسائل کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ انگو ر میں موجود ریسوریٹرول کیل مہاسوں کی وجہ بننے والے جراثیم کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

آنکھوں کیلئے مفید

انگور کھانے سے آنکھیں صحت مند رہتی ہیں۔ انگور کھانے سے آنکھوں کے قرنیے میں نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوتاہے۔

یہ پھل ڈی این اے کو نقصان سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہوئے صحت مند خلیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، جس سے بصارت کو فائدہ ہوتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.