پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی اسمارہ کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے محبت بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔
شاہد آفریدی نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیٹی اسمارہ کی سالگرہ کے کیک کی اور فلسطین سے اظہارِیکجہتی کرتے ہوئے تصویر شیئر کی ۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں بیٹی کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور مستقبل کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سابق کرکٹر نے اپنی بیٹی کو دعا دی کہ زندگی میں آپ کا سفر خوشی اور محبت سے بھر جائے جو آپ اپنے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ بانٹتی ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’فلسطینی بچوں کے لیے آپ کو آواز اٹھاتے اور کل کے بہترہونے کی امید کیلئے ان کا جھنڈا لہراتے دیکھ کر مجھے فخر ہوا۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی کے ہمراہ فلسطین کا جھنڈا اٹھائے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کا شکار بننے والے معصوم فلسطینی بچوں کے لئے پیغام دیا تھا کہ یہاں دور بہت دور ہیں ہم،مگر یہ دل ہمارے دھڑکتے ہیں تمہارے ساتھ،اسی طرح جس طرح سے ہمارے آبا اور ان کے آبا کے دل،تمہارے اجداد کے ساتھ دھڑکتے تھے۔
واضح رہے کہ کرکٹر شاہد آفریدی کی شادی نادیہ شاہد سے سال 2000 میں ہوئی تھی، 15 دسمبر 2001 کو اُن کے ہاں پہلی بیٹی اقصی کی پیدائش ہوئی۔
شاہد آفریدی کی اقصی سمیت پانچ بیٹیاں عنشہ، اجوا، اسمارہ اور عروہ ہیں۔
Comments are closed.