پیر23؍جمادی الثانی 1444ھ16؍جنوری2023ء

شاہد اسلم کی گرفتاری اور صحافتی ذرائع معلوم کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا قابل مذمت ہے، ایمنڈ

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے ایک پرائیویٹ نیوز چینل سے وابستہ صحافی شاہد اسلم کی گرفتاری اور ایف آئی اے کی جانب سے صحافتی ذرائع معلوم کرنے کے لیے ڈالے جانے والے دباؤ کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ سائبر کرائم کی آڑ میں تواتر سے صحافیوں کی زباں بندی اور مقدمات کے قیام کا سلسلہ جاری ہے۔

ایمنڈ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے صحافیوں سے متعلق واضح احکامات کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی روش تبدیل نہیں کی۔ 

ایمنڈ کا کہنا تھا کہ شاہد اسلم کو بھی بغیر نوٹس دیے نہ صرف گرفتار کیا گیا بلکہ اس کے بعد ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنے صحافتی ذرائع بتائیں جو کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ معلومات کا حصول صحافی کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے، جس کی پاداش میں مقدمات کا اندراج اظہار رائے کو سلب کرنے کے سوا کچھ نہیں۔

ایمنڈ نے مزید کہا کہ لہٰذا حکومت ان جعلی مقدمات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرے، ایمنڈ اس صورتحال پر میڈیا کی دیگر تنظیموں سے بھی رابطہ کر رہی ہے تاکہ میڈیا کے مشترکہ مؤقف کا بھرپور اعادہ کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.