بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ کے لوگ آج ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں, سید ناصر حسین شاہ

صوبائی وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کہتے ہیں کہ  حیدرآباد کا جلسہ تاریخی ہوگا جبکہ سندھ کے لوگ آج ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حیدرآباد شہید بھٹو اور ان کی بیٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد بلاول بھٹو زرداری کے جیالوں کا شہر ہے، حیدرآباد کے شہری بلاول بھٹو سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کا حیدرآباد جلسہ کٹھ پتلیوں کے خلاف ریفرینڈم ہوگا، سندھ پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن وفاقی حکومت نے ہمیشہ سندھ کو نظرانداز کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کبھی اپنے حصے کے جائز پیسے نہیں دیئے جاتے تو کبھی آرڈیننس کے ذریعے جزیرے ہتھیالئے جاتے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کی ماری عوام آج اپنے احتجاج کے ذریعے سلیکٹیڈ حکمرانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں گے۔  

اُنہوں نے کہا کہ خان صاحب نے نہ پچاس لاکھ گھر دیئے اور نہ ایک کروڑ نوکریاں دیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے لوگ منتظر تھے کہ کب پیپلزپارٹی چیئرمین ان کے دلوں کی ترجمانی کرنے آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ حیدرآباد میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں، مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیے گئے۔

شاہراہوں، عمارتوں کو پارٹی جھنڈوں اور قائدین کی تصاویر سے سجادیا گیا۔

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں آج ہونے والے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.