بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں قیدیوں کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا پروٹوکول موجود ہے، سعیدغنی

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں قیدیوں کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا پروٹوکول موجود ہے، قیدیوں کے جیل کے بجائے اسپتال میں رہنے کے معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے  یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ہر قیدی کی فائل پرنظر نہیں رکھ سکتے۔

اس سے قبل پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا  تھا کہ بے روزگاری اور معاشی مسائل بڑھتے ہیں تو ایسے واقعات ہوتے ہیں، صوبے میں پولیس کے اچھے افسران موجود ہیں، پولیس کی ذمے داری ہے کہ امن و امان قائم کرے، شہریوں کو تحفظ دے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پچھلے 3 ماہ سے وفاقی حکومت پٹرول کی قیمتیں بڑھا رہی ہے، ہمارے گھروں پر گیس نہیں آرہی، کراچی کی انڈسٹریز کو گیس نہیں مل رہی، انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، یہ لوگ قوم کی توجہ عوامی ایشوز سے ہٹانے کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ اب پٹرول کی قیمت 150 روپے ہو جائے گی، دواؤں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، ایل این جی بر وقت نہیں منگوائی گئی، پورے ملک میں کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی، فصلیں تباہ ہورہی ہیں، حکومت کی نااہلی کی سزا عوام کو کیوں دی جا رہی ہے؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.