الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تیاریاں مکمل ہیں، پولیس تمام 14 اضلاع میں تعینات ہوگی جبکہ رینجرز اہلکار بھی پولیس کی مدد کے لیے دستیاب ہوں گے، پاک فوج بھی کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود ہوگی۔
کراچی میں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ 26 جون کو سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل ہے۔
ان اضلاع میں 9 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ 21 ہزار سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے پولیس تعینات کی گئی ہے جبکہ رینجرز بھی ان کی مدد کے لیے موجود ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود ہوگی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے عملے یا کسی بھی امیدوار اور سیاسی جماعت کی جانب سے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا، لاڑکانہ ڈویژن کے پانچ اضلاع جیکب آباد، کشمور، شکارپور، لاڑکانہ، شہداد کوٹ، سکھر ڈویژن کے تین اضلاع، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے تین اضلاع، شہید بےنظیر آباد، سانگھڑ، نوشہروفیروز، میرپورخاص ڈویژن کے 3 اضلاع، میرپورخاص، عمرکوٹ اورتھرپارکر میں پولنگ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
مختلف ڈویژنز سے ایک ہزار ایک امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے اہلکار تمام حلقوں میں گشت کریں گے۔
Comments are closed.