ہفتہ 18؍شعبان المعظم 1444ھ11؍مارچ 2023ء

سلطانز نے رنز کا انبار لگادیا، گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 263 رنز کا ہدف

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے رنز کا انبار لگاتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

پہلے بیٹنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان فارم ملتان سلطانز نے رنز کا انبار لگادیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بناڈالے۔ 

ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی۔ 

انہوں نے 41 گیندوں پر 120 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ 

عثمان کے ساتھ اوپننگ پارٹر سلطانز کے کپتان رضوان نے 29 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ 

گزشتہ میچ کے ہیرو رائیلی روسو نے 15 رنز بنائے لیکن ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ کے 23 رنز کی بدولت ملتان سلطانز نے 262 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔

خیال رہے کہ پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس میچ میں بھاری مارجن سے فتح درکار ہے۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز محمد نواز کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میچ اہم ہے کوشش کریں گے جیت کر اگلے مرحلے میں جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ پر 240 رنز بن رہے ہیں، مگر ہم اپنی اسٹرینتھ کے مطابق ہی کھیلیں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پچ جیسی بھی ہو، پلاننگ کے ساتھ کھیلیں گے تو جیتیں گے۔

ملتان سلطانز محمد رضوان کی کپتانی میں میدان میں اتری، دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائیلی روسوو، ٹم ڈیوڈ، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، اظہارالحق نوید، عباس آفریدی اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی محمد نواز کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، عمیر بن یوسف، محمد حفیظ، افتخار احمد، عمر اکمل، قیس احمد، عمید آصف، نوین الحق اور ایمل خان شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.