سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ

xi jinping, mbs

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

چینی صدر شی جن پنگ کی کوششوں سے سعودی عرب اور ایران نے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق چین کی ثالثی میں سعودی اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ کی کوششوں سے ایران اور سعودی عرب کے حکام کے مابین 6 سے 10 مارچ مذاکرات ہوئے تھے ۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات کی بحالی کے لیے چین کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے جواب میں تینوں ممالک اعلان کرتے ہیں کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔‘

سعودی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’سعودی عرب، ایران اور چین کی اعلٰی قیادت کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی چین کرے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ معاہدے کی رو سےدونوں ممالک دو ماہ کے اندر سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنا اور ممالک کی خودمختاری کا احترام اور ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ‘اچھے ہمسایہ تعلقات’ کو فروغ دینا ہے اور ان کے اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور ایرانی وزرائے خارجہ معاہدے کی شرائط کو فعال بنانے تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک اجلاس منعقد کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 2001 کے سیکیورٹی تعاون کے معاہدے اور معیشت، سائنس اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے 1998 کے معاہدے کو بھی فعال کیا جائے گا.

گزشتہ سال دسمبر میں شی جن پنگ کے دورہ سعودی عرب نے چینی صدر کو مشرق وسطیٰ بھر کے رہنماؤں کے ساتھ اکٹھا کیا تھا، جس کے بعد سعودی مقامی اور عرب میڈیا میں کافی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔

گزشتہ ماہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے چین کا دورہ کیا تھا جس نے عرب میڈیا کی خاص توجہ حاصل کی تھی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض اور تہران نے اس اقدام پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور عمان اور عراق کی جانب سے مذاکرات کے گزشتہ دور کی میزبانی کی تعریف کی۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی یہ بیان شائع کیا تھا۔

BBCUrdu.com بشکریہ