وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق ریلیز ویڈیو جعلی ثابت ہوئی ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے متعلق وضاحتی اعلامیے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کو مشورہ دیا تھا کہ اس معاملے پر غیر جانبدار رہیں، بار کی پریس ریلیز پاکستان کے آئین کے مطابق ہے، جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں وڈیو لیکس کا معاملہ زیر غور آیا، ن لیگ کی جانب سے ثاقب نثار جیسے وڈیوز نئی نہیں، ججز پر دباؤ ڈالنے کے لیے ایسی مہم چلائی جاتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ جو کھیل کھیل رہے ہیں، سب کے سامنے ہے، کسی سیاسی جماعت نے ایسی حرکتیں نہیں کیں جو مریم نواز کا ٹولہ کر رہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اپنی پارٹی کے لوگوں کو قابو میں کرنے کے لیے ان کی بھی وڈیوز بنوارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جو بھی ہدایات ہوں گی، اس پر عمل کریں گے، اسلام آباد اور لاہور میں فارن فنڈنگ سے سیمینارز کیے گئے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں(ای وی ایمز) کے معاملے پر کمیٹی بنادی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ لازمی بات ہے کہ اگلے انتخابات ای وی ایم سے ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے سے نواز شریف کے بیٹوں کو بھی ووٹ کا حق ملے گا۔
Comments are closed.