سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔
سابق صدر کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی کے اسپتال میں انتقال ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے۔
سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔
پرویز مشرف نے بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور 1961ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔
سابق صدر پرویز مشرف نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔
پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998ء کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔
پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔
پرویز مشرف نے نائن الیون کے حملے کے بعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی۔
اپریل 2002ء میں ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔
پرویز مشرف 2004ء میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے باوردی صدر منتخب ہوئے۔
جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نومبر 2007ء میں آئین مخالف اقدامات کر کے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو معزول کیا۔
پرویز مشرف 18 اگست2008ء کو صدارت سے مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے۔
پرویز مشرف کو 17 دسمبر 2019ء میں خصوصی عدالت نے آرٹیکل 6 کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔
پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس نواز شریف دورِ حکومت میں دائر کیا گیا تھا۔
31 مارچ 2016ء کو فردِ جرم عائد ہونے کے وقت پرویز مشرف عدالت میں موجود تھے، بعد میں بیماری کے باعث پرویز مشرف ملک سے باہر چلے گئے تھے۔
Comments are closed.