اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

آزادی کے حصول تک کشمیریوں کا ساتھ دینا ایمان کا حصہ ہے: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کا ساتھ دینا ایمان کا حصہ ہے۔

یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم کی ہر حد پار کر چکا ہے لیکن آزادی کی آواز ہر لمحہ بلند ہو رہی ہے، کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کے منشور پر عمل درآمد کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس سے بڑی اور کیا ہار ہوگی کہ ہر ظلم کے باوجود وہ ناکام ہے۔

افواجِ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ خواتین، نوجوان اور بچوں سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لیے عظیم قربانیاں بے مثال ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور کشمیریوں کو آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.