
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں حکومت نے پیٹرولیم قیمتوں کا خودکش حملہ کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر لمحے عوام کے لیے مشکلات لائی ہے، مڈل کلاس طبقے کا گزارا ان حالات میں کیسے ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں صنعتوں کے خاتمے کے لیے آئی ہے، گزشتہ 60 روز میں کوئی ایک فیصلہ بتا دیں جو پاکستان کے حق میں ہو۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کرنے جا رہی ہے، لوگ گھر کا چولہا جلائیں گے یا بل ادا کریں گے؟ کسان ٹیوب ویل کیسے چلائے گا؟
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر تباہی کی طرف جارہا ہے، اپریل میں ایکسپورٹ 2.86 ارب ڈالر سے کم ہو کر 2.06 ارب پر آ گئی، یہ کیسی شہباز اسپیڈ ہے؟ برآمدات اور ترسیلات زر نیچے لے آئے ہیں۔
Comments are closed.