دبئی سے کراچی پہنچنے والے تاجر کی فیملی کا ایئر پورٹ سے چوری کیا گیا شادی کا سامان ایئرپورٹ تھانے کی ٹیم نے برآمد کرلیا۔
کراچی کے ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق 14 جنوری کو محمد ظفر نامی مقامی تاجر نے ایئرپورٹ تھانے میں اطلاع دی کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے 12 جنوری کو دبئی سے امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔
تاجر کے مطابق ایئرپورٹ سے وہ فیملی کے ہمراہ اپنے گھر چلے گئے، گھر پہنچ کر چیک کیا تو معلوم ہوا کہ ان کے پاس شادی کے قیمتی سامان کا گتے کا ایک کارٹن تھا، جو غائب ہے۔
کلیم موسیٰ کے مطابق اس اطلاع پر وہ فوری طور پر ایئرپورٹ پر پہنچے اور انکوائری اور تدبیر سے مذکورہ بالا برآمد کارٹن کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ شکایت کنندہ کو اپنا لگ بھگ ایک لاکھ روپے مالیت کا سامان ملنے کی قطعی امید نہیں تھی، لیکن اگلے دن جب وہ اس سلسلے میں معلوم کرنے کے لیے تھانے پہنچے تو انہیں مکمل سامان دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او کلیم موسیٰ یہاں تعیناتی کے دوران اس طرح درجن بھر مثالیں قائم کرچکے ہیں۔
Comments are closed.