آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بےشمار چیلنجز کا سامنا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس اور خواتین سمپوزیم میں شرکت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کےلیے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا، خواتین خیبر پختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔
اپیکس کمیٹی اجلاس کے دوران آرمی چیف کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
صوبائی اپیکس کمیٹی کے شرکاء نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلیے متحد ہیں، شرکاء نے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ ملک کے امن اور خوشحالی کےلیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج خیبر پختونخوا کی ترقی، استحکام یقینی بنانے کےلیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
Comments are closed.