متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کیخلاف 12 فروری کو فوارہ چوک پر دھرنے کا اعلان بھی کیا۔ کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مقدر کے موڑ پر ہے، کوئی فیصلہ کرنے والا نہیں۔ معیشت سیاست کو لے کر ڈوب جائے گی۔
اتوار کو کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جو وعدہ آپ نے اجداد سے کیا تھا اسے پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج شب غم ہے، پاکستان کے محسن پرویز مشرف انتقال کر گئے۔ آمر ہوتے ہوئے بھی پرویز مشرف نے بنیادی جمہوریت کا بہترین نظام دیا۔
خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے آزاد میڈیا کی بنیاد رکھی۔ متعصب عدالت نے نامناسب کلمات کہے تو پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کےلیے پورا کراچی باہر آگیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جسد خاکی کراچی آیا تو شان سے پرویز مشرف کی تدفین کریں گے۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ایم کیو ایم 9 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی بھی اور جیتے گی بھی۔ ہم نے کہا تھا 16 سیٹیں تمہارا باپ بھی دے گا۔ بلدیاتی انتخابات کےلیے دستبردار ہوئے تھے اب اس کےلیے دست و گریبان ہونا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں دستبردار ہو کر بتا دیا کہ کون خود جیت کر شہر کو ہرانا چاہتا ہے۔ کیا 12 فروری کو دھرنے پر بیٹھ جائیں۔ پیپلز پارٹی نے تسلیم کیا کہ 53 یوسی کم ہیں۔
اگلے اتوار کو بہادر آباد مرکز فوارہ چوک پر شفٹ کردیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر بلدیاتی انتخابات کیخلاف 12 فروری کو فوارہ چوک پر دھرنے کا اعلان کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 16 مارچ کو 9 سیٹیں جیت کر 18مارچ کے یوم تاسیس میں جشن منائیں گے۔ 2023 ایم کیو ایم کا سال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پاکستان کی جانب قدم بڑھا رہی ہے۔ پشاور میں جو کچھ ہوا اس کے بعد فیصلے کرنا ہوں گے۔ ریاست کو بچانے کےلیے اے پی سی ہو رہی ہے تمام سیاسی جماعتیں مل کر بڑے فیصلے کریں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا استحکام پاکستان کےلیے دے رہے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر کا مقدمہ اچھا نہیں لڑا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بھارت مذہبی جنونی کو 10 سال سے حکمران بنا رہا ہے۔ پاکستانی عوام نے کبھی بھی کسی مذہبی تنظیم کو اقتدار نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں کارکنان تیاری کریں گے، اگلے اتوار سے فوارہ چوک پر کراچی کا مقدمہ لڑیں گے۔
Comments are closed.