کراچی میں بااثرقیدیوں کو سہولیات دینے والے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہےکہ با اثر قیدیوں کو شہر کے کم از کم پانچ نجی اسپتالوں میں رکھا جاتا رہا ہے، ان نجی اسپتالوں میں بے ویو، ہیلتھ وژن، قمرالاسلام، بانٹوا انیس اورمدرکیئر اسپتال شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کراچی کے ان نجی اسپتالوں میں مالدار اور بااثر قیدیوں کو رکھا جاتا ہے جب کہ ماضی میں چند دیگر نجی اسپتالوں میں بھی بااثر قیدیوں کو رکھا جاتا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہےکہ شہر کے تین سرکاری اسپتالوں میں بھی بااثر قیدیوں کو لمبے عرصے تک رکھا گیا جن میں این آئی سی وی ڈی، جناح اور سول سپتال شامل ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے قیدیوں کو اسپتالوں میں رکھنے میں بےقاعدگیوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور گزشتہ دنوں 21 قیدیوں کو مختلف نجی اور سرکاری اسپتالوں سے واپس جیل منتقل کیا گیا۔
واضح رہےکہ نجی چینل نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل کے بجائے نجی اسپتال میں سہولت کے ساتھ رہنے کی خبر نشر کی تھی جس پر محکمہ داخلہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ مجرم کو دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔
Comments are closed.