جمعرات 4؍ذیقعد 1444ھ25؍مئی 2023ء

حکومت سندھ کا ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی چلانے سے اربوں روپوں کے تیل کی بچت ہوگی اور عوام کو بھی سستی سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک ٹیکسی سروس سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا اور پنک ٹیکسی کے لیے خواتین ڈرائیورز کو رکھا جائے گا۔ الیکٹرک ٹیکسیز کے لیے چارجنگ اینڈ پارکنگ ڈیپو بھی بنائے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں آیندہ مالی سال میں عوام کی سہولت کے لیے 500 نئی بسز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 15 جون تک مزید 20 بسیں حکومت سندھ کو مل جائیں گی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کراچی میں پیپلز بس سروس کی تمام بسوں کو روڈ پر لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیک اپ میں کھڑی بسوں کو بھی عوام کی سہولت کے لیے فوری فعال کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس کی تمام بسز روڈ پر ہونی چاہییں، نئے روٹ کے ٹرائل تین روز کے اندر شروع کیے جائیں، نئے روٹ سے دیہی آبادی میں بسنے والے عوام کو سستی سفری سہولتیں ملیں گی۔

انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ اورینج لائن، گرین لائن، ریڈ لائین بسوں کو آپس میں ملانے کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے حیدرآباد میں ہٹڑی سے کھیسانہ موری تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.