وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ بنی گالہ جائیں اور عمران خان کو بتائیں۔
اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ آپ جاتے ہوئے 27 بجلی یونٹس بند کر کے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان یونٹس کو ریکارڈ مدت میں دوبارہ چلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بےشرمی سے سوال پوچھنے والوں کو معاشی تباہی، تاریخی منہگائی اور قرض کا جواب دینا چاہیے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ تیل اور ایندھن کیوں نہیں منگوایا؟ یہ جواب دیں۔ اقتدار میں کھاد اسمگل اور بلیک کرنے والوں کو آج کسان یاد آ گئے۔
وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ اقتدار میں پیسے بنانے والے اپوزیشن میں باتیں بنا رہے ہیں۔ معیشت کو تباہی کی اس انتہا تک پہنچانے والوں کے مشورے درکار نہیں۔ یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل بھی خرید لیں گے، آپ حساب دینے کی فکر کریں۔ قوم کی اتنی فکر تھی تو بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کا معاہدہ کر کے کیوں گئے؟۔ پیٹرول کی قیمتوں میں ہر مہینے اضافے کا معاہدہ کر کے آج مشورے دے رہے ہیں؟۔
انہون نے کہا کہ آپ کی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس، لیوی عائد نہیں کریں گے۔ چار سال آپ کام کرتے تو آج قوم کو اتنی تکلیف اور معیشت کی اتنی تباہی نہ ہوتی۔ عمران خان اور آپ کو صرف گوگی اور سیاسی روٹی کی فکر ہے۔
Comments are closed.