بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حارث سہیل انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

قومی کرکٹ ٹیم میں شامل بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

بدھ کو کیے جانے والے ایم آر آئی اسکین میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں، وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔

پی سی بی کے میڈیکل پینل نے حارث سہیل کو 4 ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز کیا ہے،جسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے حارث سہیل اب وطن واپس پہنچ کر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔

حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرکےقومی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنانے کے منتظر تھے تاہم انجری کے باعث انہیں اپنا دورہ مختصر ہونے پر افسوس ہے ۔

ان کاکہنا تھا کہ اب لاہور واپس پہنچ کر اپنے ری ہیب پروگرام کاآغاز کروں گا تاکہ ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے خود کو تیار کرسکوں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کےمابین تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 جولائی کو کارڈف سے ہوگا۔

قومی اسکواڈ 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا، جہاں اسے 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز میں شرکت کرنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.