مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ جو سہولت عدالتی نظام میں عمران کو میسر ہے وہ سب سائلین کو ملنی چاہیے، یہ عدالت بنی گالہ ہی منتقل کر دیتے ہیں ان کی مرضی سے کیس چلا لیتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آج توشہ خانہ کیس کی سماعت میں عدم حاضری پر ردّ عمل دیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ توشہ خان ٹرائل 5 ماہ سےچل رہا ہے، عمران خان پیش نہیں ہو رہے ہیں، پاکستان کے عدالتی نظام میں ایسی سہولت کسی سائل کو حاصل نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتی نظام اور اوقات کار کا مذاق بناتے ہیں، نواز شریف آٹھ بجے جج بشیر کی عدالت پیش ہوتے تھے۔
محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کا ماننے والا شخص نواز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں یہ اہم کیس ہے،سب کی نظریں اس پر ہیں، ایس پی صاحب عدالتی نظام کا مذاق بنا رہے ہیں، ایس پی وہاں جاتےہیں، میڈیا کا تماشا ہوتا ہے اور واپس آ جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ملزمان بھی اگر عمران خان جیسا رویہ اپنا لیں توعدالتیں بند ہوجائیں گی۔
Comments are closed.