منگل2؍ذیقعدہ 1444ھ23؍مئی 2023ء

جلیل شرقپوری کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جلیل شرقپوری نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا۔

اس حوالے سے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ ہوں، پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے اس کاحصہ نہیں رہ سکتا۔

جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کی اپنی نالائقی تھی کہ دوستوں کو مطمئن نہیں رکھ سکے۔

’’9 مئی کے واقعے کی مکمل ذمے داری عمران خان کی ہے‘‘

سابق ایم پی اے نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے پر بہت افسردہ ہوں، جس کی مکمل ذمے داری عمران خان کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی نوجوان نسل کو اکسایا، میں کسی سیٹ کا امیدوار نہیں، میرے حلقے کا ٹکٹ دیتے ہوئے مجھ سے مشورہ بھی نہیں کیا گیا۔

جلیل شرقپوری نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اب نہیں چل سکتا، میں نے جب بھی بات کی ہے قومی مفاد میں کی ہے، خان صاحب سے جو محبت تھی ان کے مثبت نعروں کی وجہ سے تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے بارے میں اعتزاز احسن جیسے سینئر آدمی کا کہنا ہے کہ وہ سنتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے، عمران خان کو کہا کہ علیم خان کو راضی کریں لیکن انہوں نے میری بات پر توجہ نہیں دی۔

واضح رہے کہ جلیل شرقپوری مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہوئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.