وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری فسطائیت، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے، آئندہ شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تم نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، تم نے لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بہنوں کو گھسیٹا گیا لیکن کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہوا، سیاست کا لبادہ اوڑھ کر تم نے ملک اور عوام کو سزا دی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ نہ ملکی معیشت کو چھوڑا، نہ عوام کے روزگار کو چھوڑا، نہ عوام کی روٹی کو چھوڑا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ بندوبست ہو رہا ہے تاکہ آئندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو تم نے کی، آئندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔
Comments are closed.