جمعہ 28؍شوال المکرم 1444ھ19؍مئی 2023ء

تحریک انصاف سمیت کسی پر بھی پابندی کے حق میں نہیں، امین الحق

تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، تاہم کسی ایک سیاسی جماعت پر عدلیہ جیسے قابل احترام ادارے کی خصوصی عنایات پر بھی تشویش ہے۔

یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے، لہٰذا مذاکرات سے مسائل کا حل جمہوریت کے حق میں بہتر ہے۔

امین الحق نے کہا کہ ماضی میں عمران خان کو حکومت میں لانے کےلیے متحدہ قومی موومنت کی کئی قومی و صوبائی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پر نتائج تبدیل کیے گئے اور ہماری جیتی ہوئی نشستیں پلیٹ میں رکھ کر تحریک انصاف کے حوالے کردی گئیں۔ ہم آج بھی اس ناانصافی پر سراپا احتجاج ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ سندھ میں مردم شماری میں شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر ہم نے وفاقی حکومت سے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، توقع ہے ہماری شکایتوں پر وفاقی حکومت توجہ دے گی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو ہونے والی دہشت گردی نے پوری دنیا میں پاکستان کے امیج کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف نے وہ کام کیا جو دشمن نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر جس منصوبہ بندی سے حملے کیے گئے وہ افسوسناک تھے، جس کی گناہ گاروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔ 

امین الحق نے کہا کہ 9 مئی اور اس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش سے پاکستان کو آئی ٹی کے شعبے میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ تاہم انٹرنیٹ کی بندش کے فیصلے کا ہماری وزارت سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کو کنٹرول کرنے والا ادارہ خودمختار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت اس ادارے کو کنٹرول نہیں کرتی۔

امین الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کی تعمیر جاری ہے جبکہ کراچی میں جلد آئی ٹی پارک کی تعمیر جنوبی کوریا کی جانب سے شروع ہوجائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.