جمعہ 28؍شوال المکرم 1444ھ19؍مئی 2023ء

پی ٹی آئی کے 72 ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور: ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب سے تعلق رکھنے ولاے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 72اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظور ی کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا۔

عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو دوبارہ پی ٹی آئی اراکین قومی کا مئوقف سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے حوالہ سے دوبارہ حتمی فیصلہ کریں گے۔

عدالت نے قراردیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی اپنے استعفے واپس لینے کے حوالہ سے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوتے توپھر ان کے استعفوں کے حوالہ سے اسپیکر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن بحال ہو گا۔

جسٹس شاہد کریم نے اپنے زبانی فیصلے میں قراردیا ہے کہ عدالت اپنے تحریری فیصلے میں یہ ٹائم لائن طے کرے گی کہ اس دوران تک پی ٹی آئی اراکین اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے استعفے منظور کرنے کااقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ مخددم شاہ محمود قریشی، فوادچوہدری، حماد اظہر ، شفقت محمود، ریاض فتیانہ سمیت دیگر اراکین کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن عدالت کی جانب سے کالعدم قراردیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.