سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف اقدام فانینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور مغربی دارالحکومتوں کا کڑا امتحان ہے۔
ایک بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کا مستقل ایکسپورٹر ہے، مغربی دارالحکومت نے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹس طویل عرصے بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ لاہور واقعے میں بھارتی دہشت کی مہر لگنا حیران کن نہیں، اب ایف اے ٹی ایف اور مغربی دارالحکومتوں کے لیے امتحان ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کیا ایف اے ٹی ایف بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے کر بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالے گا؟ یا پھر مغربی دارالحکومتوں کا دہرا معیار جاری رہے گا۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ اگر ایف اے ٹی ایف بھارت کیخلاف ایکشن لینے میں ناکام ہوتا ہے، تو یہ ظاہر کرے گا کہ ایف اے ٹی ایف سامراج کے ہاتھ میں کھیلنے والا ایک اور ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوگا ایف اے ٹی ایف کا مقصد ریاستوں پر قومی سیکیورٹی کے حوالے سے دباؤ ڈالنا ہے۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ نئی دہلی اندرونی ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بھارت اپنے ملک میں طاقت کے ذریعے 22 قوم پرست تحریکوں کو دبا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مغربی سامراج اور بھارت کا خطے کے پولیس مین بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
Comments are closed.