بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بڑا دھچکا لگے گا: حافظ نعیم

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سیٹ بیک ہوگا، بڑا دھچکا لگے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنی پریس کانفرنس  کے دوران شہرِ قائد کراچی کی موجودہ صورتِ حال پر پی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا تیسرا دن ہے اور ہمارا شہر بے یارو مددگار ہے، آئی آئی چندریگر روڈ پر اس وقت بھی پانی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک سڑکوں پر پانی ہی پانی ہے، کورنگی، نیو کراچی، اولڈ سٹی ایریا کا برا حال ہے، 1 اعشاریہ 2 ارب روپے نالوں کی صفائی کے لیے رکھے گئے تھے وہ کہاں ہیں؟ مرتضیٰ وہاب 66 کروڑ کا جواب دیں کہ وہ کہاں ہیں؟

حافظ نعیم نے کہا ہے کہ یہ آپس میں کھیلتے رہتے ہیں، کراچی کے لوگوں سے ان کا کوئی واسطہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 سال سے برسرِ اقتدار پارٹی نے ہزاروں ارب روپے کا بجٹ استعمال کیا ہے، جس ادارے میں چلے جائیں تو صرف کرپشن کرپشن اور کرپشن ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اس وقت کراچی میں ہنگامی صورتِ حال ہے، جہاں تعینات 80 فیصد عملہ چھٹی منانے گیا ہوا ہے، کراچی کے لوگ ریٹائر ہوتے جا رہے ہیں نئے لوگ ہیں ہی نہیں۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے 90 فیصد بھرتی کیے گئے لوگ کراچی سے ہیں ہی نہیں، ہم لسانیت پر سیاست نہیں کرتے لیکن پیپلز پارٹی کو سوچنا چاہیے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا ہے کہ ایم کیو ایم اس وقت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اتحادی ہے، ایم کیو ایم کا پورا زور اس پر ہے کے گورنر ان کا ہو جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.