پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے کوئی کام نہیں کیا ان سے مقابلہ کیسا؟ مثبت سیاست کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا موازنہ بنتا نہیں، مسلم لیگ ن ہر چیلنج پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہر انتخابی امیدوار سے خود ملاقات کی، پارٹی آج رات یا کل تک حتمی امیدواروں کا اعلان کر دے گی، پارٹی قائدین جو بھی فیصلہ کریں گے سب کے لیے قابل قبول ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے شناختی کارڈ پر آج بھی مستقل پتہ جوہر ٹاؤن لاہور کا ہے، میں ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرتا، باہر پھرتا رہتا ہوں، ان شاء اللّٰہ میں اپنے حلقے سے واضح اکثریت سے جیتوں گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ آج قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127میں الیکشن مہم کے سلسلے میں آیا ہوں، ملک کی مسیحی برادری جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے، مسیحی برادری نے قومی پرچم کے سفید رنگ کی لاج رکھی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فیصل میر سے کہا ذاتیات پر سیاست کرنے کے بجائے عوامی مسائل کی بات کریں، گوجرہ سے جڑانوالہ تک عدم تحفظ کا تاثر موجود ہے، امن کو فروغ اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے سے ملک ترقی کرے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کو مسلم لیگ ن نے امن کا گہوارہ بنایا ہے، سیف سٹی جیسا ادارہ نہ ہوتا تو دہشت گردی کی لہر سے نمٹنے کی صلاحیت نہ ہوتی، پنجاب کے سوا تعمیر و ترقی کا سفر کہیں نہیں ملے گا۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ این اے 122 میں صوبائی اسمبلی کے 5 حلقے ہیں، کارکن انتخابی مہم چلا رہے ہیں، لاڈلا جیل میں کبھی سائیکل تو کبھی دیسی مرغی مانگتا ہے، اب اسے جیل میں ویڈیو کال کی سہولت دی جاتی ہے، الیکشن میں لاڈلے کی دال گلنے والی نہیں ہے، لوگ تبدیلی کو دیکھنا چاہتے ہیں، روایتی لوگوں سے گلے شکوے بھی ہیں۔
Comments are closed.